جنیوا: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید درجنوں افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 16 ہزار 558 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 3 لاکھ 81 ہزار 649 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 12 ہزار 62 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 1 لاکھ 2ہزار 429 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے تاہم وائرس کے تشویشناک کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
اب تک 195ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث اٹلی، ایران، ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔وائرس پاکستان اور ہمسایہ ممالک سمیت امریکا بھی پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس پاکستان میں بھی پھیل رہا ہے۔ صوبہ سندھ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبائی وزیرِ تعلیم و محنت سعید غنی سے ملاقات کے بعد خود کو 24 گھنٹوں کے لیے آئسولیٹ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ٹوئٹر پرگزشتہ روز اپنے پیغام میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیرِ تعلیم سعید غنی کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ 24 گھنٹوں کے لیے خود کو آئسولیٹ رکھوں کیونکہ میں نے ان سے ملاقات کی تھی۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس : گورنر سندھ کا خود کو آئسولیٹ رکھنے کا فیصلہ