بیجنگ: ہمسایہ ملک چین میں کورونا وائرس کے باعث مزید 98 افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 873 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز تک 1775ہلاک ہوئے تھے جبکہ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 73 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 73 ہزار 335 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 11ہزار795 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 12 ہزار 799 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے، تاہم وائرس کے پھیلاؤ کی شرح تشویشناک حد تک زیادہ ہے۔
ہوبائی نامی چینی صوبے کے شہر وہان میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ افراد کو متاثر کیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی صوبہ ہوبائی میں ہوئیں۔
اب تک 29 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ایک ایک ہلاکت ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے طبی عملے نے وائرس کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہوئے پلازما عطیہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔
چین کے شہر وہان میں دو روز قبل کورونا وائرس سے متاثرہ طبی عملے کے 19 افراد نے کورونا وائرس سے متاثرہ ان افراد کو اپنے جسمانی پلازما کا عطیہ دینے کا اعلان کیا جن کی حالت تشویش ناک تھی۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے خلاف صحتیاب طبی عملے کا اعلانِ جنگ