جنیوا: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 271 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 4 ہزار 298 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 1 لاکھ 19 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 1 لاکھ 19 ہزار 186 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 5 ہزار747 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 66ہزار 619افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے۔ وائرس کے تشویشناک کیسز کی تعداد میں بھی معمولی کمی آئی ہے۔
ہوبائی نامی چینی صوبے کے شہر وہان میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ افراد کو متاثر کیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی صوبہ ہوبائی میں ہوئیں۔
اب تک 119ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث اٹلی، ایران، ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔وائرس پاکستان اور ہمسایہ ممالک سمیت امریکا بھی پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ میں مہلک کورونا وائرس کے مزید 2 افراد کے ٹیسٹ مثبت آگئے جبکہ کوئٹہ میں بھی ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں ہونے والی کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 19 ہو گئی۔
محکمۂ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ روز متاثرہ افراد میں سے ایک دوحہ کے راستے شام سے کراچی پہنچا جبکہ دوسرا مریض جو حیدرآباد کا رہائشی ہے دبئی کے راستے ایران سے کراچی پہنچا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 نئے کیس سامنے آگئے