لندن: انگلینڈ کی طرف سے 2سال بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے آل راؤنڈر معین علی پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
آئی سی سی اعلامیے کے مطابق معین علی کرکٹ کونسل کے کھلاڑیوں کے حوالے سے بنائے گئے ضابطے 2.20کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس پر انہیں میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معین علی کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔
ایجبسٹن میں جاری ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلیا کی اننگز کے 89ویں اوور میں بانڈری لائن پر فیلڈنگ کرتے معین علی بالنگ کروانے والے ہاتھ پر کوئی چیز لگاتے دیکھے گئے۔
خیال رہے کہ معین علی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 18 رنز سکور کیے تھے اور بالنگ میں 2 وکٹیں بھی لی تھیں۔
آئی سی سی کے مطابق معین علی نے میچ ریفری کی جانب سے لگائی گئی پابندی کو قبول بھی کر لیا جس کے باعث معاملے کی مزید سماعت کی ضرورت باقی نہیں رہی۔میچ ریفری کی جانب سے بتایا گیا کہ معین علی نے اپنے ہاتھ خشک کرنے کے لیے کریم کا استعمال کیا۔
مزید پڑھیں:شاہین اور انشا کی شادی ملتوی کیوں ہوئی؟ شاہد آفریدی نے بتادیا
کریم گیند پر استعمال نہیں کی گئی لہٰذا اس سے گیند کی شکل میں کسی قسم کی تبدیلی واقع نہیں ہوئی، گیند کی شکل تبدیل کرنے کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق نمبر 43.1لاگو ہوتی ہے۔