مودی اصل دہشت گرد، کشمیر کے معاملے پر تمام جماعتیں یک زبان ہیں،بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

باغ: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر تمام جماعتیں یک زبان ہیں، مودی اصل دہشت گرد ہے، بھارت کا چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، ہم دہشت گردوں کی نہیں، شہیدوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے،دہشت گرد وہ ہیں جنہوں نے گجرات میں قتل عام کیا، مودی سرکار خطے کے امن میں اصل رکاوٹ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ باغ کے عوام نے مودی کی جی 20 کانفرنس کا منہ توڑ جواب دیا ہے،باغ کے شہریوں کا شکر گزار ہوں، باغ کا جوش و جذبہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، ایک طرف مودی مقبوضہ کشمیر میں ڈرامہ کر رہا ہے، آزاد کشمیر کے عوام احتجاج کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،ہمیں کہا جاتا ہے کیوں بار بار کشمیر کا نام لیتے ہیں، ہمارا کشمیریوں کے ساتھ نسلوں کا ساتھ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی حکمران جماعت تمام مسلمانوں کو دہشت گرد سمجھتی ہے، ہم دنیا میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرتے رہیں گے،پاکستان کے اندرونی مسائل وقتی ہیں، جب ہم پاکستان میں موجود ہیں تو سیاسی جماعتوں سے اختلاف ہو سکتا ہے، جب ملک سے باہرجاتا ہوں تو آپ سب کی نمائندگی کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے،جب مودی کو میں قاتل اور قصائی کہتا ہوں تو بھارت رونا شروع کر دیتا ہے، اصل میں بھارت کو پہلے کسی وزیر خارجہ نے آئینہ نہیں دکھایا تھا۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، شیریں مزاری کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد وہ ہے جو سمجھوتہ ایکسپریس، گجرات میں دہشت گردی کرتے ہیں، دہشت گرد تنظیمیں وہ ہیں جنہوں نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا حرام کر دیا ہے، بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے،اصل دہشت گرد بھارت ہے، ہم اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھتے رہیں گے، دنیا تسلیم کر چکی کشمیر عالمی مسئلہ ہے، پاکستان دہشت گرد نہیں امن پسند ملک ہے۔