لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم بغیر کسی تیاری کے انگلینڈ گئی تھی جبکہ تین ماہ سے کرکٹ سے دور ہونے کے باوجود دورۂ انگلینڈ قابلِ تعریف رہا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ایک اخبار نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سپورٹنگ ٹیم آف دی ویک قرار دیا اور بطور ٹیم یہ ہمارے لیے بڑی بات ہے۔ ٹیسٹ میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران پاکستانی ٹیم کا کھیل بے حد اہم تھا۔
گفتگو کے دوران ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم نے 2 بار 190 سے زائد اسکور کیا۔ پہلے میچ میں ہار کے بعد پاکستان نے دوسرے میچ میں بھرپور دفاع کیا جو میرے نزدیک ایک خاص چیز ہے۔مجموعی طور پر دورے میں کافی مثبت باتیں ہوئیں اور ٹیم کی کارکردگی قابلِ قدر تھی۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ کافی چیزیں حوصلہ افزاء رہیں۔ مستقبل میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔ حیدر علی کو ہم ہی لے کر آئے۔ ہم نئے جوانوں کو بھی سینئرز کے ساتھ موقع دیں گے۔ ان شاء اللہ مستقبل میں نئے کھلاڑیوں کو مستقل بنیادوں پر چانس دیتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ میں کارکردگی، مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ