لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہوم گراؤنڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کسی 12 نمبر کی ٹیم کو نہیں بلکہ جنوبی افریقہ کو ہرایا ہے، تاہم لوگ جیت کے باوجود خامیوں پر نظر رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہوم گراؤنڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام کے موقعے پر ورچؤل پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ فتح پانے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم نے فائٹ کی جبکہ جیت تو جیت ہی ہوتی ہے۔ ہم کسی 12 نمبر کی ٹیم کا مقابلہ نہیں کر رہے تھے بلکہ ہمارے سامنے جنوبی افریقہ تھا۔
گفتگو کے دوران ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ مانتے ہیں مہمان کرکٹ ٹیم کوئی بڑے پلیئرز سامنے نہیں لاسکی، تاہم ان کے بعد جو کھلاڑی کھیلنے کیلئے میدان میں اترے وہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں بہترین پلیئرز تھے۔ 1 میچ ہم ہار گئے تاہم 2 میچز جیت کر جو کامیابی ملی، اس سے قومی کرکٹ ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ کھیل کے نتائج ہمارے کنٹرول میں نہیں ہوتے، نہ ہی بورڈ کا فیصلہ ہمارے دائرۂ اختیار میں ہے کہ وہ مجھے کب تک ہیڈ کوچ کے عہدے پر برقرار رکھے گا۔ میری توجہ میچز پر رہتی ہے اور سیریز جیتنا آج کی سب سے اہم بات ہے۔ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خود کو کبھی غیر محفوظ نہیں سمجھا۔
مصباح الحق نے کہا کہ اسپن باؤلنگ کھیلنے میں قومی کرکٹ ٹیم کو کافی مسائل کا سامنا رہا۔ بھارت میں ورلڈ کپ ہوگا جس میں اسپن کے خلاف ہمیں اچھی بیٹنگ کرنا ہوگی جس پر کام جاری ہے۔ ابھی بہت کچھ مزید کرنے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ کپ میں ابھی مزید وقت ہے جس سے قبل بہت سے میچز کھیلے جائیں گے۔
انہوں نے کا کہ پی ایس ایل کا چھٹا سیزن جلد ہونے والا ہے جس سے کھلاڑی کھوئی ہوئی فارم واپس لاسکیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم میں عماد وسیم، محمد حفیظ اور شاداب خان کی کمی تھی جو واپس آئیں گے۔ اچھا پول بنے گا اور کمبی نیشن بنانے میں مدد ملے گی۔ افتخار احمد کی طرح اور بھی کئی کھلاڑیوں کو چانسز دئیے گئے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ میں جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے،کرکٹ کمیٹی نے نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد جو کہا اس کا دبا ؤنہیں تھا بلکہ میرا فوکس صرف کھیل پر ہوتا ہے۔
رواں ماہ 6 روز قبل گفتگو کے دوران مصباح الحق نے کہا کہ دباؤ صرف اس بات کا تھا کہ اچھا پرفارم کر کے جیتنا ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے،ٹیم نے مشکل حالات میں کم بیک کیا ہے۔
مزید پڑھیں: پوری کوشش ہوگی کہ جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں، مصباح الحق