اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے حوالے سے وزارتِ توانائی کا بیان سامنے آگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری وزارتِ توانائی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وارسک سے گرڈ اسٹیشنز کی بحالی کا آغاز کردیا گیا ہے اور گزشتہ 1 گھنٹے میں اسلام آباد سپلائی کمپنی کے گرڈز بحال کیے گئے ہیں۔
کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بریک ڈاؤن
وارسک سے گرڈ سٹیشنوں کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پچھلے ایک گھنٹے میں اسلام آباد سپلائی کمپنی اور پشاور سپلائی کمپنی کے محدود تعداد میں گرڈ بحال کر دئے گئے ہیں
— Ministry of Energy-Power Division, Government of P (@MoWP15) January 23, 2023
ٹوئٹر پیغام میں وزارتِ توانائی نے کہا کہ گرڈ اسٹیشنز کی بحالی کے آغاز سے پچھلے ایک گھنٹے میں اسلام آباد کے علاوہ پشاور سپلائی کمپنی کے گرڈز بھی محدود تعداد میں بحال کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔ بجلی معطلی سے کاروبارِ زندگی درہم برہم ہوگیا۔
لاہور کے علاقے ریاض کالونی، چوک یتیم خانہ، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بجلی بند ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد، کراچی، لاہور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہر بجلی کے بریک ڈاؤن سے گزر رہے ہیں۔
شہرِ قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں صبح ساڑھے 7 بجے سے بجلی کا بریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور میں مال روڈ اور کینال روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ آئیسکو کے 117 گرڈ اسٹیشنز سے بجلی غائب ہوگئی۔ آئیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔