اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزارتِ اطلاعات نے میڈیا اداروں کو 70 کروڑ روپے کے بقایا جات ادا کردئیے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق میڈیا اداروں کو 70 کروڑ روپے کی ادائیگی مکمل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اظہار رائے کی آزادی پر حملہ ہے، مریم اورنگزیب
اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ بقایا جات ایک طویل عرصے سے ادا نہیں کیے گئے تھے، ان ادائیگیوں سے میڈیا ورکرز کے مالی مسائل میں کمی آئی ہے اور اداروں کو تحفظ ملا ہے۔
وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا اداروں کو 70 کروڑ روپے کے بقایا جات کی ادائیگی کے متعلق مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب بھی میڈیا کے ادارے ورکرز کو تنخواہیں نہیں دیتے تو زیادتی ہے۔
وزارت اطلاعات نے وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق میڈیا اداروں کو سترکروڑ روپے کی ادائیگی مکمل کر لی ہے،یہ بقایاجات ایک طویل عرصے سے ادا نہیں کئےگیےتھے، ان ادائیگیوں سے میڈیا ورکرز کے مالی مسائل میں کمی آئ ہے اور اداروں کو تحفظ ملا ہے، اب بھی ادارے اگر تنخواہیں نہیں دیتے تو زیادتی ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 29, 2021
دوسری جانب سندھ حکومت بھی میڈیا کی مالی معاونت اور دیگر سہولیات بہم پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔ سندھ حکومت نے حال ہی میں پیپلز میڈیا سپورٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا جس کامقصد میڈیا ورکرز کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر صوبے کے صحافیوں کی مالی مدد اور ان کے روزمرہ مسائل کے حل کے لیے صوبے میں پیپلز میڈیا سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے فرائض سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیرِ اطلاعات سندھ نے محکمہ اطلاعات کے سینئر ڈائریکٹر وں کے اجلاس سے گزشتہ ماہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکریٹری محکمہ اطلاعات اعجاز حسین بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں: صحافیوں کی مالی مدد کیلئے پیپلز میڈیا سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، ناصر حسین شاہ