پاکستانی اداکارہ منال خان نے معروف فنکار احسن محسن اکرام سے 10 ستمبر کو شادی کا فیصلہ کر لیا جس کی تاریخ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش شادی کے کارڈ میں دیکھی جاسکتی ہے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ منال خان نے احسن محسن اکرام سے اپنی شادی کا کارڈ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا جس کے مطابق دونوں فنکاروں کی تقریبِ نکاح 10 ستمبر کے روز ہوگی۔
خوبصورت رنگ سے مزین منال خان کے شادی کے کارڈ میں انگریزی میں احسن محسن اکرام اور منال خان کے نام واضح طور پر تحریر کیے گئے ہیں۔ منال خان نے کارڈ شیئر کرتے ہوئے خدا کا شکر ادا کیا۔
اداکارہ منال خان نے کارڈ کے کیپشن میں اللہ کا شکر ادا کرنے کیلئے الحمدللہ کے الفاظ تحریر کیے اور احسن محسن اکرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اچانک کہاں سے آگئے اور اب ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔
ساتھی فنکاروں نے اداکارہ کی پوسٹ پر خوبصورت تبصرے کیے۔ اقرا عزیز سمیت دیگر فنکاروں نے منال خان کو شادی کی مبارکباد دی منال کی بہن ایمان نے ماشاء اللہ کہا۔
ثناء جاوید نے بھی منال خان کو مبارکباد پیش کی۔ اداکارہ کے شیئر کردہ شادی کے کارڈ کے مطابق 10 ستمبر کو جمعے کے روز احسن محسن اکرام اور منال کی شادی ہوگی۔ تقریبِ نکاح کا وقت شام 7بجے مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام کی خاطر شوبز کی دُنیا ہمیشہ کیلئے چھوڑ دینے والی پاکستانی خواتین