راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے ضلع وانا کے علاقے میں آپریشن کے دوران شدت پسند کمانڈر طور حافظ سمیت 11 دہشت گرد وں کو واصل جہنم کردیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آپریشن کے دوران ایک ہائی پروفائل دہشت گردی کی کارروائی کو کامیابی سے ناکام بنایاگیا۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گرد کمانڈر حفیظ اللہ عرف طور حافظ اور 2 خودکش بمباروں سمیت 11 دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔
مارے گئے دہشت گرد ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے۔
مزید پڑھیں:ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.8ریکارڈ کی گئی
یہ پیشرفت سی ٹی ڈی پنجاب کے دو افسران کے پیروال، ضلع خانیوال میں فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔