کراچی کے مختلف علاقوں میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جہاں کاروبار اور آمدورفت پر پابندیاں عائد کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے 3 سب ڈویژنز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ گزشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق لاک ڈاون 6 اپریل تک جاری رہے گا۔
مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام کاروباری سرگرمیوں پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے۔ کریانہ اور میڈیکل اسٹورز مقررہ اوقات میں کھلیں گے۔ نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور لیاقت آباد کی یوسیز میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت پر پابندی عائد ہے۔ ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
شہری انتظامیہ کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں نافذ کیا گیا ہے۔ شہریوں کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عمل ضروری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا سے 6 لاکھ 37 ہزار 42 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 13 ہزار 965 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 ہزار 301 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 30 مزید شہری جان کی بازی ہار گئے۔ 2 ہزار 564افراد کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کوروناسے 6 لاکھ 37 ہزار افراد متاثر، 13 ہزار 965 جاں بحق