سیالکوٹ: معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر بغیر کسی قسم کے سیاسی دباؤ کے قبضہ مافیا کے خلاف میرٹ بیس آپریشن کیا جارہا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی طریقے اور سیاست کو کاروبار بنانے والوں کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ 181 ارب سے زائد مالیت کی ہزاروں ایکڑ زمین واگزار کروائی گی جبکہ ن لیگ کے دس سالوں میں واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت صرف 2.6 ارب روپے تھی۔
پنجاب میں شاہی خاندان قبضہ مافیاز کی پشت پناہی کرتا رہا بلکہ ن لیگ کے50 سرکردہ رہنما زمینوں پر قبضے میں ملوث ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے صرف ان 50 ن لیگیوں سے 460 ایکڑسے زائد زمین واگزار کروائی گئی اور 3 ارب42 کروڑ روپے سے زائد ریکور بھی کئے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بڑے اسکینڈل کے پیچھے ظل سبحانی کے کارندے پائے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ کرپشن کے دلدادا شاہی خاندان نے 2013کے بعد رائیونڈ میں 446ایکڑ قیمتی اراضی ہتھیائی جس کی تحقیقات نیب میں چل رہی ہیں۔
ظل سبحانی نے پہلے لاہور کا ماسٹر پلان بدلا اور قیمتی زمین کوڑیوں کے بھاؤ خریدی اور بعد میں گرین زمین کا سٹیٹس براؤن کرکے اپنی جائیداد کی مالیت اربوں روپے کر لی۔پیسوں کے پوجاریوں نے اپنے فائدے کیلئے قوم کو اربوں کا چونا لگایا۔
ہمارا پنجاب جو پورے پاکستان کا فوڈ باسکٹ تھا شوباز شریف نے قیمتی زرعی رقبوں پر رہائشی کالونیوں کے قیا م کی پالیسی اپنا کر غریب کسان سے روٹی کا نوالہ چھین لیا۔
پنجاب جیسے خوشحال زرعی معیشت کے حامل صوبے کو صنعتی صوبہ بنانے کے نام پر لوٹا گیا نتیجہ یہ نکلا کہ اب ہمارا صوبہ نہ زرعی رہا نہ صنعتی۔ جبکہ سیالکوٹ:تحریک انصاف کی حکومت زراعت کے فروغ کے ساتھ ساتھ صوبہ میں 13 سپیشل اکنامک زون بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوبازاور ان کا پورا ٹبر اور حواریوں نے فیکٹریاں کارخانوں اور شوگر ملوں کی سیاست کرتے ہوئے دھرتی ماں کے سینے پر ہریالی اور فصلوں کی بجائے ایسے ناکام صنعتی منصوبے شروع کیے جن کی آڑ میں اربوں روپے بیرون ملک منتقل کرکے ایوان فیلڈ محل خریدے گئے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کھوکھر برادران کے خلاف لاہور میں 38 کنال سرکاری زمین کی واگزاری کا بڑا آپریشن کیا گیا،ضلعی انتظامیہ لاہور نے 38 کنال سرکار کی زمین کھوکھر برادران سے واگزار کروا لی،زمین کی مالیت سوا ارب روپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمین کو خالی نہ کرنے اور عمل درآمد نہ کرنے پر آج گرینڈ آپریشن کیا گیا، 38 کنال جگہ پر بنے اسٹریکچرز اور دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔
اے ڈی سی آر لاہور اور ایس ایس آپریشنز نے آپریشن نے نگرانی کی اورزمین کو واگزار کروا کر پنجاب حکومت کے حوالے کردی گئی۔