کراچی:40 سال تک موسیقی کیلئے خدمات انجام دینے والے غزہ گائیکی کے بڑے نام مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 12برس بیت گئے ہیں، جس پر مداح سوگوار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مہدی حسن سن 1927 کو بھارتی ریاست راجھستان کے علاقے لونا میں پیدا ہوئے، مہدی حسن کا تعلق موسیقی کے اس بڑے گھرانے سے تھا جنہوں نے 16 پشتوں تک موسیقی کی خدمت کی اور اپنی پوری زندگی میں موسیقی سے وابستہ رہے۔
گلوکاری ورثے میں حاصل کرنے والے مہدی حسن نے 1956 میں ریڈیو پاکستان سے گائیکی کا آغاز کیا، جبکہ 1962 میں پاکستانی فلم ’شکار‘ کیلئے پہلی مرتبہ گیت ریکارڈ کروایا، مہدی حسن کے گائے ہوئے گیت غزلیں اور قومی ترانے آج بھی پاکستانی قوم کو یاد ہیں اور گنگنائے جارہے ہیں۔
پلے بیک سنگر کے طور پر مہدی حسن نے مجموعی طور پر365 فلموں میں اپنی مسحور کن آواز کا جادو جگایا، فلمی صنعت میں انکی آواز کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔مہدی حسن نے 25 ہزار سے زائد گیت اور غزلیں ریکارڈ کرواکر جو تاریخ رقم کی، وہ اپنی مثال آپ ہے۔
موسیقی کیلئے بہترین خدمات کے اعتراف میں مہدی حسن کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، تمغہ امتیاز، ہلال امتیاز جب کہ بھارت میں سہگل اور نیپال میں گورکھا دک شینا باہو ایوارڈ سے نوازا گیا، 13 جون سن 2012 کو مہدی حسن کے انتقال سے اردو گائیکی کا باب ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا۔