کراچی:چین سے طبی ساز و سامان کراچی ایئرپورٹ پہنچ گیا،گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی حکومت کی جانب سے سامان وصول کیا، ایر پورٹ پر ان کے ہمراہ نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ کے افسران اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
طبی سامان میں 56ہزار کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک اور دیگر طبی سامان بھی شامل ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسمعیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت و عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا -چین سے مزید طبی ساز و سامان جلد وصول ہوگا –
وزیراعظم کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کی کوششوں سے ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے مختلف ضروری طبی آلات چین نے پاکستان بھجوائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان آلات و ضروری سامان سے ہمارے طبی عملے اور ڈاکٹرز کو کورونا سے لڑنے میں بڑی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو اسی طرح مدد فراہم کرتی رہے گی۔