جامعہ صدیقیہ کراچی کے بانی معروف عالم دین، شیخ القرآن والحدیث مولانا ڈاکٹر منظورمینگل نے کہاہے کہ رمضان المبارک اللہ رب العزت کی جانب سے امت پر احسانات سے بھرپور مہینہ ہے، اس ماہ کو غفلت وعصیان میں ضائع کرنے کی بجائے اللہ کی خوشنودی میں گزارنا چاہئے۔
رمضان المبارک اور قران کریم کا امت مسلمہ سے گہرا رشتہ ہے، قرآن کریم کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے ضابطہ حیات اور مشعل راہ ہیں۔ قرآن وسنت کی تعلیمات پرعمل کرکے زندگیوں میں انقلاب برپا کیاجاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع مسجد صدیق اکبرؓ نئی سبزی منڈی میں جے یو آئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا حافظ سمیع الحق سواتی کے تراویح میں ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
بلی کے بعد ماں کو کندھے پر اٹھائے طواف کرنے والے شخص کی ویڈیو وائرل
اس موقع پر پاکستان اسٹیل مل کے خطیب اعلیٰ مولانا حسین احمد، جمعیت طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل سید زاہد شاہ ہاشمی، مفتی عثمان حضروی نے بھی خطاب کیا ، جبکہ حافظ حاجن خان لغاری، محمد شریف گبول، مفتی علیم الحق فاروقی، مولانا حسین احمد آصفی، قاری طلحہ زبیر سواتی ، مولانا عبدالرحمن ترندی، مولانا بختیار کاکڑ، مولانا رحمت سلام ، مقصود علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان اور قرآن کا آپس میں گہرا ربط وتعلق ہے۔ قرآن کریم کا نزول اسی ماہ مقدس میں ہوا۔ رمضان المبارک تزکیہ نفس کا مہینہ ہے اس ماہ میں قرآن کریم کی تلاوت پر اللہ رب العزت کی طرف سے خاص اجروثواب ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کے مصائب ، مشکلات اورمسائل کی وجہ قرآن وسنت کی تعلیمات سے روگردانی ہے۔اگر امت آج بھی پلٹ کرقرآن وسنت کے احکامات سے استفادہ حاصل کرے تو وہ ایک فاتح قوم بن کر دنیا بھر میں اسلامی انقلاب برپا کرسکتی ہے ۔انہوں کہا کہ قران سے دوری کی وجہ سے ہی مسلمان پستی اور زوال کا شکار ہیں۔