کراچی: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے صدر اور جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمان سندھ کے 6 روزہ دورے پر بدھ کو کراچی پہنچ گئے ہیں۔ جے یو آئی کے مقامی رہنماء کے سوشل میڈیا پیغام کے مطابق مولانا فضل الرحمان دورے کے دوران مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق بدھ کو شام 4 بجے گلشن اقبال میں ورکرز کنونشن میں شرکت کریں گے اور پھر مقامی ہوٹل میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں ہونگی۔
جمعرات کو مولانا فضل الرحمان ، مولانا غلام قادر باوانی کے ہمراہ حب روانہ ہونگے اور شام 6 بجے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے۔
جمعہ کو دن 11 بجے جامعتہ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن جائیں گے اور نماز جمعہ وہیں پر ادا کریں۔ سہہ پہر 3 بجے کنگری ہاؤس کارساز میں حروں کے روحانی پیشوا اور گرینڈ ڈیمو کریٹ الائنس (جی ڈی اے ) کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر صاحب پگارا سے ملاقات کریں گے۔
شام 5بجے کلفٹن میں جی ڈی اے کے رکن سندھ اسمبلی معظم علی خان عباسی کے گھر جائیں گے۔ ہفتہ کو سہہ پہر 3 بجے سابق اسپیکر قومی اسمبلی الہی بخش سومرو اور شام 7 بجے سردار یحییٰ بلو سے ان کی رہائش گاہوں پر ملاقاتیں کریں گے۔
اتوار کو شام 4 بجے اسلام آباد روانگی ہوگی۔ جے یو آئی کے ذرائع کے مطابق بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں اور 29 جولائی کے پی ڈی ایم (PDM) کے جناح باغ میں جلسہ کے سلسلہ میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور اجلاس بھی متوقع ہیں۔
دوسری جانب جے یو آئی کے ایک مقامی رہنماء کے سوشل میڈیا میں جاری پیغام کے مطابق دورہ 5 نہیں بلکہ 6 روزہ ہے اور ورکرز کنونشن سے جمعرات کو خطاب کریں گے۔ رہنماء کا دعویٰ ہے کہ دورے کے دوران مختلف اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے ۔
یہ بھی پڑھیں : بیٹی کی پرورش کے معاملے پر کوئی رسک نہیں لینا چاہتی، انوشکا شرما