جے یوآئی کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان کی سربراہی میں ڈائریکٹر نادرا خواجہ علاء الدین سے ملاقات کی۔ مولانا عظیم اللہ عثمان نے نادرا غربی و کیماڑی کے انچارج کو عوامی مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عظیم اللہ عثمان کا کہنا تھا کہ سنگل اور ڈبل ایڈریس، شناختی کارڈز کی بلاکنگ اور پی آر سی ڈومیسائل کے معاملات میں نادرا میگا سینٹر سیمنس کی عوام دوست پالیسی خوش آئند ہے، مگر پی آر سی ڈومیسائل کے مسئلے میں ضلع کیماڑی کی ایڈمنسٹریشن اور ضلعی انتظامیہ کا کردار انتہائی شرمناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ رہا، جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
مولانا عظیم اللہ عثمان نے مزید کہا کہ ہم قلیل مدت میں بہترین کارکردگی، تمام کاؤنٹرز کی فعالی، خواتین اسٹاف میں اضافے، نادر ا مددگار سسٹم اور عوام دوست کاوشوں پر خواجہ علاء الدین اور انکی پوری ٹیم کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ڈائریکٹر نادرا خواجہ علاء الدین نے کہاکہ ہم بھرپور کوشش کررہے ہیں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی نادرا کرنل انیس خان کے آنے کے بعد سے اب تک ریکارڈ کام ہوئے ہیں۔ پہلے بمشکل چند کاؤنٹرز چلتے تھے جس سے عوام کو شدید پریشانی تھی۔ اب صبح میں 20 کاؤنٹرز، شام میں بھی 20 کاؤنٹرز اور رات میں 8 سے زیادہ کاؤنٹرز فعال ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے خواتین کے رش اور انکے مسائل کے پیش نظر صبح میں 7 خواتین اسٹاف اور انکی ایک افسر پر مشتمل ٹیم کا تقرر کیا ہے، اسی طرح شام میں بھی 4 خواتین اسٹاف اور ایک افسر پر مشتمل ٹیم خدمت میں مصروف رہتی ہے۔ ڈائریکٹر نادرا نے کہاکہ ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور ہم اپنی بساط سے بڑھ کر خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔
وفد نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکی گفتگو کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھی کچھ عرصہ میں کافی تبدیلی محسوس کی ہے اور یہ آپ کی شبانہ روز کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آپکی زیر نگرانی نادرا کے ملازمین و افسران عوامی مشکلات کے حل کیلئے مصروف عمل ہیں۔ آپ جیسے افراد سے ہی معاشرہ ترقی و استحکام پاتا ہے۔
وفد نے ڈائریکٹر جنرل نادرا کرنل انیس خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے خصوصا پشتون کمیونٹی کے مسائل کو سمجھتے ہوئے علاقے میں ایک قابل پشتون افسر کی تعیناتی کی اور نادرا کے نظام کو مزید بہتر بنایا جس سے مسائل کو سمجھنے اور حل میں کافی حد تک آسانی ہوئی۔
وفد میں جے یوآئی ضلع غربی کے سیکریٹری اطلاعات قاری عبداللہ بسمل، جے یوآئی پی ایس 114 کے سیکریٹری جنرل حاجی عزیز الرحمن عزیز، جے یوآئی شیرشاہ کے سیکریٹری اطلاعات مولانا محمد ندیم کے علاوہ ڈاکٹر اکبر خان ودیگر شامل تھے۔