اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ عید الاضحی کے موقع پر بازاروں اور مویشی منڈیوں میں بھیڑ سے اجتناب کریں۔ ایک بیان میں صدر عارف علوی نے کہاکہ حکومتی پالیسیوں اور عوام کے نظم و ضبط سے کورونا وباء پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مزید احتیاط سے کورونا وباء کو مکمل شکست دینے میں کامیاب ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہاکہ کورونا وبا کے حوالے سے کامیابی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اور شہریوں کے ضابطہ کار پر عملدرآمد کے باعث ممکن ہوئی ہے۔
دنیا میں کورونا وائرس میں اضافہ ہوا، پاکستان میں اس وباء پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ 30 جون سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں واضح کمی آئی ہے، ہمسایہ ملک بھارت میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان پر اللہ کا احسان ہے، حکومت نے لاک ڈاؤن اور غریب پرور پالیسیاں اختیار کیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو احساس پروگرام کے ذریعے رقوم فراہم کی گئیں تاکہ وہ گھر میں رہ کر ایس اوپیز پر عمل کر سکیں۔
حکومت کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل کے ذریعے نماز تراویح اور عبادات کا سلسلہ جاری رہا، ہم نے اللہ پر ایمان اور حکومت کی پالیسیوں پر مکمل عمل کر کے یہ کامیابی حاصل کی، پناہ گاہ اور بکرا منڈی کا دورہ کیا اور لوگ کسی حد تک ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں۔
عوام بازاروں اور مویشی منڈی میں خریداری، نماز عید کی ادائیگی اور جانوروں کی قربانی کے دوران ماسک پہنیں،عید الاضحٰی پر سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، مصافحہ نہ کریں اور بغلگیر نہ ہوں اور ضابط کار پر عمل کریں۔
صدر عارف علوی نے کہاکہ عید الاضحی کے لئے بھی وہی ایس پیز ہیں جو گزشتہ عید پر تھے، بزرگ حضرات سے گزارش ہے کہ وہ عید کی نماز گھر میں پڑھ لیں، میں بھی گھر پر عید کی نماز ادا کروں گا، بازاروں اور مویشی منڈیوں میں بھیڑ سے اجتناب کریں۔