پاکستانی اداکارہ مریم نور نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں غیر شادی شدہ خواتین کے کام کو اہمیت نہیں دی جاتی اور شدید دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ مریم نور نے کہا کہ ہر شخص یہ کہتا ہے کہ آپ کی شادی نہیں ہورہی جس سے ایک شدید دباؤ جنم لیتا ہے اور اگر آپ نے زندگی میں کوئی اہم کامیابی حاصل بھی کر لی ہو تو اسے کوئی نہیں دیکھتا۔
ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم نے کہا کہ میں نے اپنی قابلیت اور استعداد کے مطابق زندگی میں بہت سے سنگِ میل عبور کیے لیکن وہ کسی کو نظر نہیں آتے۔ ہمارے معاشرے میں خواتین کی صرف شادی کو اہمیت دی جاتی ہے۔
اداکارہ مریم نور نے کہا کہ ہم لڑکیوں کی کوئی اور صلاحیت نہیں ہوتی۔ آپ نے قانون کی ڈگری حاصل کی ہو یا مشکل حالات کا سامنا کرکے کوئی اور اہم اور نمایاں مقام حاصل کیا ہو، کہا جاتا ہے کہ یہ سب لڑکیاں کرلیتی ہیں، اہمیت نہیں دی جاتی۔
مریم نور نے کہا کہ مجھے انٹیرئیر ڈیزائننگ کا شوق ہے اور اپنے گھر میں بھی تجربات کرتی رہتی ہوں۔ لوگوں کو یہ سب کچھ نظر نہیں آتا۔ جس دن میری شادی ہوجائے گی، میں شہزادی بن جاؤں گی اور شاید میرے کاموں کو بھی اہمیت ملے۔
سوشل میڈیا پر عوامی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ مریم نور نے کہا کہ میں دنیا بھر میں گھوم پھر کر آگئی لیکن جب کبھی مختلف مقامات کی تصاویر شیئر کرتی ہوں تو لوگ کہتے ہیں کہ آپ اکیلی ہیں۔ کسی کے ساتھ جوڑی ہی بنا لیتیں۔
یہ بھی پڑھیں: تلخ یادوں کے بارے میں سوچ سوچ کر پریشان نہیں ہونا چاہئے۔ہانیہ عامر