لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنان مریم نواز کی نیب پیشی کے موقعے پر ریلی میں شریک ہوں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے فیصلے کے مطابق 26 مارچ کو مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی نیب میں پیشی کی ریلی میں بھر پور شرکت کرے گی۔
انہوں نے اپنے کارکنوں کو بھرپور تیاری کے ساتھ ریلی میں شرکت کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وہ خود 26مارچ کی صبح نیب آفس کے باہر پیپلز پارٹی کے قافلے کی قیادت کریں گے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وسطی پنجاب کے کارکنوں اور رہنماوں کو اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ نیب نے 26 مارچ کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو جاتی امرا میں 1500 کنال اراضی کی ان کے نام مبینہ غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات میں طلب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ندیم بابر کا بدعنوانی اور اسمگلنگ میں ملوث آئل کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ