پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز اتوار کے روز چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچیں، جہاں میزبان ملک کے حکومتی عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاک آبزرور کی رپورٹ کے مطابق مریم نواز کا استقبال چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے عہدیداران نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے بیجنگ میں سفیر خلیل ہاشمی اور ان کی اہلیہ بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
بیجنگ پہنچنے کے بعد مریم نواز نے چینی حکمران جماعت کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے یقین دہانی کرائی کہ چین پنجاب کو نئے معاشی اہداف حاصل کرنے میں بھرپور مدد فراہم کرے گا۔
مریم نواز نے ملاقات میں کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے پنجاب کے عوام کی جانب سے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لن تاؤ ، جنوبی ایشیائی امور کی کونسلر مسز لی ژین یاو، جنوب مشرقی ایشیا بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر چن زینبو، جنوبی ایشیائی امور کے اٹیچی سینگ گویو، مس چن یوبو اور مس ژاؤ چینیو نے مریم نواز کو خوش آمدید کہا۔
چین کے اس دورے کے دوران سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر بلال اکبر اور عاشق کرمانی بھی مریم نواز کے ہمراہ ہیں۔
قبل ازیں مریم نواز نے اتوار کو چین کے لیے روانگی کی جس سے چین کا دورہ کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون وزیرِ اعلیٰ بن گئیں۔ ان کا یہ دورہ حکومت کی جانب سے ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔