لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز عمرہ ادائیگی کے بعد سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئیں۔
ن لیگ کی سینئر نائب صدر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے جدہ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں ، اُن کے دیگر اہل خانہ بھی وطن واپس پہنچ گئے۔
عمرہ کی ادائیگی کے بعد جنید صفدر، عائشہ جنید، ڈاکٹر آصف مرزا، خدیجہ حفیظ، ماہ نور صفدر، ڈاکٹر عدنان، نورشین عدنان، محمد اسد خان، مس ثمن، آصف حسین اور صائمہ فاروق بھی مریم نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آنے والوں میں شامل ہیں ہیں۔
عدالتی فیصلے اسمبلی اختیارات میں مداخلت ہیں۔اسپیکر کا چیف جسٹس کو خط
سعودی عرب سے وطن واپسی پر ن لیگی کارکنوں نے ایئرپورٹ پر مریم نواز کااستقبال پھول پتیاں اور نعرے لگا کر کیا۔
مریم نواز 11 اور 12 اپریل کی درمیانی رات کو لاہور سے جدہ روانہ ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ مریم نواز نے رمضان المبارک کا آخری عشرہ اپنے والد نواز شریف و دیگر اہلخانہ کے ہمراہ حرمین شریفین میں گزارا۔
مریم نواز اور نواز شریف سعودی عرب میں شاہی خاندان کے خصوصی مہمان تھے، انہوں نے سعودی شاہی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔
دوسری جانب مریم نواز کے والد اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف بھی جدہ سے لندن پہنچ چکے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز کل سے ہی اپنی سیاسی مصروفیات کا آغاز کریں گی۔