لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ن لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کے آمدن سے زائد اثاثہ جات پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے ن لیگ کے سینئر مرکزی رہنما کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نواز کیلئے مشکلات میں اضافہ کردیا۔ نیب لاہور کا کہنا ہے کہ کیپٹن صفدر کے اثاثہ جات ان کی آمدنی سے زائد ہیں جن پر تفتیش جاری ہے۔
نیب لاہور کے مطابق نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے بھی کیپٹن صفدر کے آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق تفتیش کی جائے گی جبکہ قبل ازیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کا الزام چیئرمین نیب پر بھی عائد کیا جاچکا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے چیئرمین نیب پر اربوں روپے کی غیر قانونی جائیدادیں بنانے کا الزام لگاتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف درخواست دائر کردی۔
ن لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری کیلئے چیئرمین نیب کے خلاف گزشتہ ماہ فروری میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو درخواست دی۔ درخواست کے متن میں کہا گیا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال اہم سرکاری ادارے قومی احتساب بیوور (نیب) کے سربراہ ہیں۔
مزید پڑھیں: کیپٹن صفدر کا چیئرمین نیب پر غیرقانونی جائیدادیں بنانے کا الزام، درخواست دائر