اسکردو: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کا اجتماع بتا رہا ہے گلگت بلتستان میں شیر آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے گوپس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی جعلی حکومت کو حکومت نہیں سمجھا کیونکہ ان کے نصیب میں عوام کی خدمت لکھی ہی نہیں ہے۔گلگت بلتستان انتخابات میں عوام اپنا حق استعمال کریں اور صرف شیر کو ووٹ دیں۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ کا حق ہے کہ گوپس کو بھی ضلعے کا درجہ دیا جائے۔ میرے ساتھ ساتھ آپ کو نواز شریف اور شہباز شریف کا بھی سلام پہنچے۔ جعلی حکومت گوپس کے فنڈز روک کر بیٹھی ہوئی ہے، ہم گوپس اور یاسین کو اضلاع کا درجہ دیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی سابقہ خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حفیظ الرحمان نے نواز شریف کا سپاہی بن کر گلگت بلتستان سے دہشت گردی کا صفایا کیا۔ میں آج اپنے بھائیوں کے گھر آئی ہوں۔ اللہ تعالیٰ کی مصوری گلگت بلتستان میں نظر آتی ہے۔ گزشتہ 5 سال میں امن و امان کی وجہ سے لاکھوں سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا۔
ڈیمز کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم پر نواز شریف نے جو کام کیا، آج تک کسی نے نہیں کیا۔ آج دیامیر اور بھاشا ڈیم کے لوگوں کو ان کا معاوضہ نہیں دیا جارہا۔ آپ کے مسائل کا ایک ہی حل ہے، اس کا نام ہے شیر یعنی مسلم لیگ۔ نواز شریف کی حکومت میں گلگت بلتستان پر دہشت گردی کا ایک بھی حملہ نہیں ہوا۔
سابق وزیرِ اعظم کی تعریف کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف آج بھی پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کیلئے کھڑا ہے۔ موجودہ حکومت کو صرف ایک ہی کام آتا ہے وہ ہے بدزبانی اور انتقام۔ میں عمران خان کا نام تک لینا نہیں چاہتی۔ میں جعلی حکومت سے کوئی درخواست نہیں کروں گی۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جب علاج مقصود ہو تو بیماری کا نام لینا پڑتا ہے اور آج پاکستان کو جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان ہے۔ کورونا وائرس پاکستان میں 2018ء میں ہی آگیا تھا۔ آج پھر کہتی ہوں، لوٹوں کو ووٹ نہیں دینا۔ یہ لوگ نواز شریف سے حسد اور انتقام میں بہت آگے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز اداروں کے خلاف زہر اگل رہی ہیں، فردوس عاشق اعوان