اسلام آباد: ارباب اختیار میرج انڈسٹری کو مسلسل نظرانداز کر رہے ہیں، اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار آل پاکستان میرج انڈسٹری کے مرکزی چیئرمین ذوالقرنین حیدر جگر اور مرکزی صدر خالد ایوب نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ارباب اختیار میرج انڈسٹری کو مسلسل نظرانداز نہ کریں۔ یہ انڈسٹری اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو پا رہی حالانکہ اس انڈسٹری سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے اور یہ ملکی معیشت میں بہت اہم رول ادا کرتی ہے۔
حکومت نے پاکستان کی تمام چھوٹی بڑی صنعتوں کو بجلی کے بلوں میں رعایت دے کر احسن اقدام کیا ہے، جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ذوالقرنین حیدر جگر نے مزید کہا کہ حکومت فل فور میرج انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دینے کے لئے اقدامات کرے اور بجلی اور گیس کے بلوں میں تمام صنعتوں کی طرح رعایت دی جائے تاکہ میرج انڈسٹری کا مزدور بھی خوشحال ہو سکے اور میرج انڈسٹری کی محرومیوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔
انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ خود اس انڈسٹری کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیں اور انڈسٹری کا درجہ عنایت فرمائیں تاکہ یہ انڈسٹری بھی ملک کی باقی انڈسٹریز کی طرح ملکی ترقی میں اضافہ کا باعث بنے۔