منڈی بہاؤالدین میں میڈیکل اسٹورز سے بھتہ وصولی سرِ عام شروع ہو گئی ہے جس پر اسٹور مالکان نے دُہائیاں دیتے ہوئے راشی افسر سے جان چھڑانے کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤ الدین کا ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرثاقب مبینہ طور پر ڈان بن گیا جو سرِ عام بھتہ وصول کرتے ہوئے دھمکی دیتا ہے کہ اگر بھتہ نہ دیا تو اسٹور سیل کردیا جائے گا۔ بھتہ نہ دینے والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف مختلف شقوں کے تحت چالان بنائے جاتے ہیں۔
میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہے کہ نئے آنے والے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے ہماری ناک میں دم کر رکھا ہے۔ منہ مانگی رشوت نہ دینے پر میڈیکل اسٹور مالکان کے ساتھ بد تمیزی کی جاتی ہے۔ گالیاں دی جاتی ہیں اور من گھڑت شقیں لگا کر چالان بنائے جاتے ہیں۔
اسٹور مالکان کے مطابق ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کا کہنا ہے کہ آپ میرا کچھ نہیں کرسکتے، میں رشوت اعلیٰ حکام تک پہنچاتا ہوں۔ میرا تعلق حکمراں سیاسی جماعت سے ہے جس نے الیکشن میں پیسہ بہایا، جسے اب پورا کرنا ہے۔
جب ایم ایم نیوز نے مذکورہ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے کال رسیو نہیں کی۔ جونہی ڈرگ کنٹرولر سے رابطہ ہوا، ان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے تمام تر بیانات کو حقیقت کے برعکس قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملیر میں 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار