فیصل آباد کے رہائشی پاکستانی شہری نے ایمان افروز اعزاز حاصل کرتے ہوئے قرآنِ پاک کا سب سے طویل نسخہ اپنے ہاتھ سے تحریر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے رہائشی پیر امتیاز حیدر شاہ نورانی مجددی نے قرآنِ پاک کا 3 ہزار 411 فٹ طویل اور 27 فٹ چوڑا نسخہ اپنے ہاتھ سے تحریر کیا ہے۔
پیر امتیاز حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے جب یہ بات سنی کہ میں نے قرآنِ پاک کا طویل ترین نسخہ اپنے ہاتھ سے لکھا ہے تو انہوں نے مجھے دعوت دے کر بلایا اور نقد انعام سے بھی نوازا جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے امتیاز حیدر کی قرآنِ پاک کیلئے محبت و احترام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے ہاتھ سے سب سے طویل نسخۂ تحریر کیا ہے جس پر یہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
قرآنِ پاک کا طویل ترین نسخہ تحریر کرنے والے پیر امتیاز حیدر نورانی مجددی کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں بھی اسی طرح حوصلہ افزائی کی جائے تو پاکستانی قوم کوئی بھی ایمان افروز کارنامہ سرانجام دے سکتی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل گوجرخان سے تعلق رکھنے والے راجہ شریف شاد نے اپنی مادری پوٹھو ہاری زبان میں قرآن حکیم کا ترجمہ مکمل کیا،راجہ شریف نے کہا کہ پوٹھوہاری زبان میں ترجمہ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ پوٹھوہار زبان بولنے والے افراد کو آسانی سے قرآن پاک سمجھ آسکے۔
گزشتہ برس نومبر کے دوران راجہ شریف کا کہنا تھا کہ قرآن پاک عربی میں نازل ہوا،قرآن پاک کو سمجھنے کے لئے ترجمہ کا ہونا بہت ضروری ہے، جب کسی بھی قوم کو اس کی مادری زبان میں ترجمہ میں قرآن پاک میسر ہو تو پھر اس کو سمجھنا اور پھر قرآن پاک کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنا آسان ہو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: راجہ شریف کا اعزاز، پوٹھوہاری زبان میں قرآن کریم کا ترجمہ مکمل،