پشاور پولیس نے حاملہ بیوی کے لرزہ خیز قتل کے بعد اپنے جرم کو چھپانے کیلئے خودکشی کا ڈرامہ رچانے والے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے، واقعے کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
قتل کا یہ افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقے بڈھ پیر میں پیش آیا جہاں ملزم نے بیوی کو قتل کرکے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی ناکام کوشش کی۔ خیبر پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے 5روز قبل گھریلو ناچاقی کے باعث فائرنگ کی تھی۔
پولیس کے بیان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں حاملہ خاتون موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کی تفتیش کے دوران پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔ واقعے کا مقدمہ ملزم کے سسر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
جاں بحق خاتون کے طبی ٹیسٹ کے بعد حاملہ ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا قتل کرنے والے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے واقعے کے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس نے گزشتہ ہفتے پشاور کے علاقے تہکال میں بھی بیوی کے مبینہ قتل کے الزام میں شوہر کو حراست میں لے لیا۔ مقتولہ کی 22 روز قبل شادی ہوئی۔ اس واقعے میں بھی مقتولہ کے شوہر نے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔