پنجاب پولیس نے فیصل آباد میں شرارت کرنے پر 3 سالہ بچی کو قتل کرنے کے بعد بیٹی کو دفناتا ہوا باپ گرفتار کر لیا ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد میں باپ نے شرارت کرنے والی 3 سالہ معصوم بچی پر مبینہ طورپر جان لیوا تشدد کیا جس کے نتیجے میں بچی جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار باپ کی شناخت محمد یعقوب کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے شرارت کرنے پر بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کردیا اور بچی کی جان لینے کے بعد قاتل نے خاموشی سے بچی کو دفن کرنے کی بھی ناکام کوشش کی تاہم محلے داروں نے پولیس کو بر وقت اطلاع دے دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ محلے داروں کی جانب سے بچی کو دفنانے کی کوشش کرنے کی اطلاع ملنے پر ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بچی کے قتل کا یہ واقعہ فیصل آباد کے تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 258 ر ب لماں پنڈ گورنمنٹ ہائی اسکول کے قریب پیش آیا۔
ملزم کی گرفتاری کے بعد واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو موقعے پر پہنچ کر گرفتار کیا گیا جبکہ بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کی گئی ہے جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔