راولپنڈی میں اپنے ہی حقیقی بہن بھائی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہو کر خودکشی کرنے والے ملزم کی لاش پولیس کو مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں مندرہ کے علاقے کوری دولال میں ملزم احسن زیب نے دو افراد کو قتل کیا جو حقیقی بہن بھائی تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے صبح کے وقت گھریلو ناچاقی کی بنیاد پر فائرنگ کرکے اپنے ہی بھائی حسن زیب اور بہن اسماء اورنگزیب کی جان لے لی تھی۔
مذکورہ ملزم کی فائرنگ کے باعث ملزم کی حقیقی والدہ شدید زخمی ہو کر ہسپتال منتقل ہوگئی تھی جس کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ملزم کے ماموں نے احسن زیب کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے اپنے ہی بہن بھائی کو قتل کیا اور موقعے سے فرار ہوتے وقت یہ دھمکی بھی دی کہ وہ اپنی زندگی خود ختم کر لے گا جس کے بعد گزشتہ روز ملزم کی لاش پولیس کو مل گئی۔
مندرہ تھانے کے ایس ایچ او کی سربراہی میں پولیس پارٹی لاش ملنے کے مقام پر پہنچی جس کے بعد ملزم کی خودکشی سے متعلق شواہد اکٹھے کرنا شروع کیا گیا۔ بعد ازاں ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے بہن بھائی اور والدہ پر گولیاں چلائیں جس کے بعد خودکشی کی دھمکی دینے سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم نے خودکشی کی تاہم مقدمے کے تمام تر پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔