اسلام آباد: سوشل میڈیا پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دھمکی آمیز مہم چلانے اور کردار کشی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متعلقہ اداروں نے چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز مہم چلانے والے ملزم عبدالواسع کو گرفتار کر لیا جو راولپنڈی کا رہائشی ہے۔ عبدالواسع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر مہم چلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزم عبدالواسع نے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو نہ صرف دھمکیاں دیں بلکہ ان کی کردار کشی بھی کی۔ دھمکانے اور کردار کشی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم عبدالواسع کو گرفتار کر لیا ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس کے خلاف سوشل میڈیا مہم میں شامل دیگر ملزمان کی تلاش اور شناخت کا عمل جاری ہے۔ گرفتار ملزم عبدالواسع سے تفتیش جاری ہے۔ملوث افراد کی نشاندہی ہونے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے پر کارروائی ہوگی۔متعلقہ افسران میں حساس اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں۔وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 5رکنی جے آئی ٹی کمیٹی تشکیل دے دی۔