راولپنڈی: پولیس نے مری میں برف میں پھنسی گاڑیوں کو دھکا لگا کر نکالنے کیلئے ہزاروں روپے مانگنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ثاقب عباسی مری میں سڑک پر بیلچوں سے برف پھینک کر سیاحوں کی گاڑیاں مصنوعی پھسلن میں پھنساکر گاڑی نکالنے کے ہزاروں روپے وصول کرتا تھا اور نا دینے پر ساتھیوں کے ساتھ مل کر سیاحوں پر تشدد کرتا تھا۔
مزید پڑھیں:سانحہ مری: کیا صرف حکومت ذمہ دارہے؟
پولیس ترجمان کے مطابق مری میں سڑک پر برف پھینک کر سیاحوں سے مدد کے بہانے رقم بٹورنے والا ملزم ثاقب عباسی گرفتار کرلیا ہے، ملزم ثاقب عباسی کے زیرِ استعمال جیپ بھی قبضہ پولیس میں لے لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ساتھیوں کے ساتھ مل کر سڑک پر برف بکھیرتا اور جب کسی سیاح کی گاڑی پھنس جاتی تو جیپ سے ٹوہ کر کے نکالنے کا بھاری معاوضہ لیتا تھا، سیاحوں کی شکایات سامنے آنے پر سی پی او ساجد کیانی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔