اسلام آباد: وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔ دبئی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اماراتی وزارت خارجہ کے سینئر حکام اور یو اے ای میں تعینات پاکستانی سفیر افضال محمود نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے 3 روزہ سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سمیت اعلیٰ اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور اہم علاقائی و عالمی سیکورٹی معاملات زیربحث آئینگے۔
شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر کی وضاحت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ کا یہ دورہ ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل ہے۔ توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے اس دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔