ڈرامہ سیریل نیت سے اداکاری کے سفر کا آغاز کرنے والی فنکارہ ماہرہ خان نے بین الاقوامی کاسمیٹکس برانڈ لورئیل کے پیج کو انسٹا گرام پر اَن فالو کردیا ہے جبکہ یہ اقدام مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر اٹھایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان کو اسرائیلی کمپنی لورئیل کی پراڈکٹس کیلئے پہلی پاکستانی سفیر مقرر کیا گیا تھا، تاہم اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے بعد ماہرہ خان کا یہ اقدام سامنے آیا۔
سن 2017ء میں ماہرہ خان کو لورئیل پیرس کی پہلی پاکستانی خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا تھا تاہم مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے ماہرہ خان نے لورئیل کا پیج ان فالو کیا ہے جبکہ لورئیل کمپنی نیتنیا میں واقع ہے۔
اسرائیل کے مظلوم فلسطینیوں پر فضائی حملوں کے بعد سے شوبز سے تعلق رکھنے والی بہت سی شخصیات نے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ ماہرہ خان نے انسٹا گرام اسٹوری پر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے عزم کا اعادہ کیا۔
اداکارہ ماہرہ خان نے فلسطینی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جن کی زندگیاں اسرائیل کے ظلم و ستم کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ ماہرہ خان نے کہا کہ اگر ہم چپ رہیں گے تو خون ہمارے ہاتھوں پر بھی لگ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی 5 خواتین جو ہالی ووڈ کی بڑی اداکارہ بن گئیں