آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھینا گیا، بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری نے کہا ہے کہ مہنگائی سے نجات کا بس ایک ہی طریقہ ہے کہ ملک کو عمران خان سے نجات دلائی جائے۔عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے بڑے بڑے دعوے کرکے اقتدار تو ہتھیالیا مگر وہ ملک چلانے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، عمران خان کو خبر ہی نہیں کہ ملک کے تقریبا نصف کاروباری ادارے اپنے ملازمین کی ایک چوتھائی تنخواہ کم کرچکے ہیں۔

صرف ایک سال میں عمران خان حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے 25 لاکھ سے پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دئیے گئے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں کھانے پینے کی اشیا میں مہنگائی کی سالانہ شرح 15 فیصد تک پہنچ گئی۔

جب سے عمران خان وزیراعظم بنے ہیں، صرف آٹے کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، مافیا کے سرپرست عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کا پیمانہ جی حضوری کرنے والے افسران کی رپورٹیں نہیں بلکہ عام آدمی کے چہرے کی مسکراہٹ ہوتی ہے۔

جس ملک کے وزیراعظم کو کشکول اٹھانے کے علاوہ کچھ اور نہ آتا ہو، وہ کیسے مہنگائی کا خاتمہ کرے گا، مہنگائی سے نجات کا بس ایک ہی طریقہ ہے کہ ملک کو عمران خان سے نجات دلائی جائے۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلی، حماد اظہر کی وزارتِ توانائی ایم کیو ایم کو دئیے جانے کا امکان