کراچی: بھارتی حملے میں 26 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے بھارتی حکومت، میڈیا اور خاموش رہنے والے بااثر افراد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ ایک ایسے ملک میں رہتی ہیں جہاں انہیں یہ حکم نہیں دیا جاتا کہ کیا بولنا ہے اور انہیں اپنی آواز بلند کرنے کی آزادی حاصل ہے۔
ماہرہ خان نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین پر ہونے والی ناانصافی کے خلاف بھی آواز اٹھاتے ہیں اور دنیا میں کہیں بھی ظلم ہو تو اس کی مذمت کرتے ہیں لیکن پاکستان پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگا دیے جاتے ہیں۔
ماہرہ خان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بھارت میں جنگ اور نفرت کا بیانیہ برسوں سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نفرت کو ہوا دے رہا ہے جبکہ بااثر شخصیات نسل کشی اور جنگی جرائم پر خاموش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خاموشی قانون کی وجہ سے نہیں بلکہ خوف کی وجہ سے ہے۔
اداکارہ نے بھارتی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’تم خاموش ہو کر سمجھتے ہو کہ فتح حاصل کر لی لیکن میرے نزدیک یہی خاموشی تمہاری سب سے بڑی شکست ہے۔‘‘
ماہرہ خان نے آخر میں پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ ’’میرا پاکستان، میں تم سے محبت کرتی ہوں۔ اللہ کرے ہم درست راستے پر چلیں۔ ہم کبھی بھی اس سطح پر نہ گریں۔ اللہ کرے امن قائم رہے۔ آمین۔
پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔‘‘