لندن: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو برطانیہ کی براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) نے دنیا کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بی بی سی ہر سال 100 بااثر خواتین کی فہرست جاری کرتا ہے جس میں رواں سال 2 پاکستانی خواتین کو شامل کیا گیا ہے جن کا تعلق زندگی کے دو بالکل مختلف شعبوں سے ہے۔
فہرست میں شامل دیگر خواتین جنہیں بالترتیب علم، قیادت، تخلیق اور شناخت کے حوالے سے دنیا کی 100 بااثر ترین خواتین قرار دیا گیا ہے، ان کا تعلق بنگلہ دیش، عرب امارات، شام، اٹلی، عراق، برطانیہ اور مصر سمیت دنیا کے متعدد ممالک سے ہے۔
ہر سال یہ فہرست بی بی سی کی طرف سے جاری کرنے کا مقصد مختلف معاشروں میں انقلاب، حقوقِ نسواں اور معاشرے میں بہترین خدمات سرانجام دینے والی خواتین کی خدمات کا اعتراف ہے۔ قبل ازیں اِس فہرست میں صرف 1 پاکستانی خاتون جلیلہ حیدر شامل تھیں۔
اقوامِ متحدہ کی سفیرِ خیر سگالی ماہرہ خان پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی اداکاری کرچکی ہیں جبکہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر معاونِ خصوصی ہونے کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان کے احساس پروگرام کی سربراہ بھی ہیں۔
بھارت کی 4 خواتین بھی اِس فہرست کا حصہ ہیں جن میں سے بلقیس بانو مظاہرہ رہنما سمجھی جاتی ہیں، دیگر 3 خواتین ایتھلیٹ، موسیقار اور سماجی کارکن برائے ماحولیاتی تحفظ ہیں۔ زیادہ تر خواتین کا تعلق امریکا اور برطانیہ سے ہے۔فہرست کی دیگر خواتین سے تعارف یہاں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کی اداکارہ ماہرہ خان سرِ فہرست نہ ہونے کے باوجود بھی بی بی سی کی فہرست کے اہم امیج کا حصہ ہیں جس سے ان کی اہمیت کا اندازہ لگانا بالکل مشکل نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل اداکارہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی فلم ’’ قائداعظم زندہ باد ‘‘ کی پہلی جھلک سامنے آتے ہی شائقین نے بھرپور داد سے نوازا۔
فلم کے سیٹ سے چند تصاویر گزشتہ ماہ وائرل ہوئیں، ان تصاویر میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان رقص کرتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔
مزید پڑھیں: ماہرہ خان کی فلم قائد اعظم زندہ باد کی پہلی جھلک نے شائقین کو دیوانہ بنادیا