راولپنڈی:پیر ودہائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 سالہ بچے پر تشدد کرنے والے مدرسے کے معلم کو گرفتار کر لیا ہے،معلم کے خلاف متاثرہ بچے کی والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
متاثرہ بچہ مدرسہ میں حفظ اور ناظرہ کی تعلیم حاصل کرتا ہے، جہاں اسے دیر سے آنے پر قاری زبیر نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث بچہ زخمی ہوگیا، بچے نے ساری روداد اپنے والد کو سنائی۔
بچے کے والد کا بیان لے کر ایس پی راول نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مدرسے کے قاری کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا تھا۔ ایس پی راول کا کہنا تھا کہ اس طرح کے معاملات کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔
پولیس نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے ملزم قاری زبیر کو چند گھنٹوں کے اندرگرفتار کر لیا ہے،ایس پی راول نے کہا کہ معلم روحانی باپ اور بچے مستقبل کے معمار ہیں ان کی جانب سے بچوں پر تشدد کا کوئی عذر قابل قبول نہیں ہے۔