وزارتِ سائنس کا قمری کیلنڈر غلط، چاند کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔نور الحق قادری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزارتِ سائنس کا قمری کیلنڈر غلط، چاند کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔نور الحق قادری
وزارتِ سائنس کا قمری کیلنڈر غلط، چاند کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔نور الحق قادری

 وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ وزارتِ سائنس کا قمری کیلنڈر غلط ثابت ہونے کے باعث رویت ہلال کمیٹی کو ہی چاند کے فیصلے کا اختیار دیا گیا ہے تاکہ کوئی ابہام پیدا نہ ہو۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جدید ٹیکنالوجی کے رویت ہلال کے متعلق استعمال پر وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کی صدارت میں  ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے سربراہ قبلہ ایاز، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن، مفتی شہاب الدین پوپلزئی اور قاری حنیف جالندھری سمیت تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کاوفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیوں کافیصلہ

اجلاس کے دوران رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کے معاملات زیر بحث آئے جبکہ وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے قمری کیلنڈر کے استعمال پر بات چیت ہوئی جس پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے وزارتِ سائنس کے قمری کیلنڈر کو غلط ثابت کرتے ہوئے کہا کہ قمری کیلنڈر کے مطابق یکم صفر پیر کو تھی لیکن اتوار کے روز ماہِ صفر کا چاند در حقیقت نظر نہیں آسکا۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ ہماری رائے میں یکم صفر منگل کو ہونا تھی، جو درست ثابت ہوئی، ایسے میں قمری کیلنڈر کا کون سا استعمال باقی رہ جاتا ہے؟ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو حقیقت پر مبنی مشاہدات سے بالا تر قرار دینا کسی طرح بھی درست نہیں۔

اس موقعے پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ ہم رویت ہلال کے معاملے میں علمائے کرام کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔ شرعی تقاضے پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے جبکہ رویت ہلال سے معاشرتی و مذہبی تہوار بھی منسلک ہیں۔ وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے قمری کیلنڈر ترتیب دے کر ایک قابل تعریف کام کیا، تاہم چاند نظر آنے کے حوالے سے علمائے کرام کی رائے کو حتمی تسلیم کیا جائے گا۔

نور الحق قادری نے کہا کہ ملک کے جید علمائے کرام پر مشتمل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے رمضان المبارک، عیدین اور دیگر اسلامی مہینوں کے آغاز اور اختتام کے فیصلوں کو ہی درست مانا جائے گا۔ اس موقعے پر عیدین کے تنازعے کے حل کے لیے ایک کمیٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا جس میں علمائے کرام کے ساتھ ساتھ وزارتِ مذہبی امور کے افسران بھی شامل ہوں گے۔

مجوزہ کمیٹی پشاور سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں ایک ہی دن عید منانے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی تاکہ امت مسلمہ میں اتفاق و اتحاد ساری دنیا میں موجود مسلمانوں کے لیے ایک مثال بن سکے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر کا مقدمہ ہار چکی ہے، خوف مشکل حالات سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی اور حماقتوں سے ہے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ داخلی مسائل میں اضافے کے ساتھ ساتھ بیرونی خطرات بڑھ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل میں واقعات سے ہمارے خدشات اور تحفظات کی تصدیق ہو رہی ہے۔ ملکی اقتصادیات نے قومی سلامتی کے لیے نئے چیلنج کھڑے کردیے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کشمیر کامقدمہ ہار چکی، بیرونی خطرات بڑھ رہے ہیں، شہبازشریف

Related Posts