داسو: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بجلی سستی ہونے سے صنعت کاری ہوگی جس سے دولت میں اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی ہر طرح مہنگائی لے کر آتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ضلع اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر زیر تعمیر داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پراپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں سستی اور صاف بجلی پیدا ہونے سے ملک کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پراجیکٹ سے سستی بجلی ملنے سے مہنگائی بھی آگے جاکر کم ہوگی اور عوام و صنعتوں کو فائدہ ہوگا، ملک تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، بجلی سستی ہونے سے صنعت کاری ہوگی جس سے دولت میں اضافہ ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں بہت پہلے یہ کام کرلینا چاہیے تھا، سستی بجلی ملنے سے عوام کو فائدہ ہوتاہے۔مہنگی بجلی ہر طرح مہنگائی لے کر آتی ہے، تربیلا اور منگلا ڈیم سے سستی بجلی ملی تھی، 50 سال پہلے صنعتوں کی ترقی کی وجہ ہی سستی بجلی تھی۔
داسو کے زیر تعمیر پہلے مرحلے کی لاگت 511 ارب روپے ہے، جس سے اپریل 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی اور نیشنل گرڈ کو ہر سال 12 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ داسو پراجیکٹ کی مجموعی بجلی کی پیداواری صلاحیت 4320 میگاواٹ ہے، پراجیکٹ دو مراحل میں مکمل ہوگا اور ہر مرحلہ 2160 میگاواٹ پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سستی بجلی کی سپلائی کے لئے راہیں ہموار ہوجائیں گی۔
مزید پڑھیں: حکومت اور اپوزیشن کا قومی اسمبلی کی کارروائی پرامن انداز سے چلانے پراتفاق