کراچی :شہر قائد میں پیر کے روز شروع ہونیوالی بارش آج بھی جاری ہے، شدید بارش کے بعد کراچی میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے،سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا۔
کورنگی ، لانڈھی ، ڈیفنس ،محمود آباد، شاہ فیصل کالونی ، لیاری اور ناظم آباد میں موسلا دھار بارش سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، ٹریفک جام کی وجہ سے رہائشیوں کو سفر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پیر کی رات ہونے والی موسلا دھار بارش سے حیدرآباد اور اندرون سندھ کے کچھ حصے بھی زیر آب آگئے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز تک کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مطلع کیا کہ رواں ہفتے کے دوران ملک میں مون سون کی بڑی لہریں داخل ہوتی رہیں گی۔ جنوبی حصوں میں پیر سے بدھ اور بالائی علاقوں میں منگل سے جمعرات تک بارش ہوگی۔
اس نظام کے تحت کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع کی جارہی ہے۔پیر سے بدھ تک حیدرآباد ، ٹھٹھہ ، بدین ، شہید بینظیرآباد ، دادو ، تھرپارکر ، نگرپرکر ، میرپورخاص ، اسلام کوٹ ، عمر کوٹ ، سانگھڑ ، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش کا امکان ہے۔
پیر اور منگل کے دوران لسبیلہ ، خضدار ، آواران ، بارکھان ، ژوب ، موسیٰ خیل ، لورالائی ، کوہلو اور سبی میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے برسات کی پیشگی اطلاعات کے باوجود اقدامات نہیں کئے، حلیم عادل شیخ