آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمازون پرائم ویڈیو نے اینیمیٹڈ رومانوی فلم لُک بیک کا ٹریلر ریلیز کردیا ہے جسے بچے نہیں دیکھ سکتے کیونکہ یہ بچوں کیلئے بنائی ہی نہیں گئی۔
گزشتہ روز یوٹیوب پر ریلیز کیے گئے فلم کے 2منٹ سے بھی کم وقت کے ٹریلر کو 60 ہزار سے زائد بار دیکھا گیا ہے اور مزید دیکھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 4 ہزار سے زائد افراد نے ٹریلر کی ویڈیو کو پسندیدگی کی سند عطا کردی۔ فلم میں کیا خاص بات ہے، آئیے جائزہ لیتے ہیں۔
سب سے پہلی بات یہ ہے کہ فلم کا ٹریلر سنسنی خیز مناظر پر مبنی ہے جس کی گہری کہانی اور مضبوط کردار شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔ نوجوان اور بڑی عمر کے افراد اس کہانی کو دلچسپی سے اس لیے دیکھیں گے کہ یہ فلم گہری کہانی اور جذباتی مناظر پر مبنی ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کہانی نفسیاتی تھرلر ہے جس کی کہانی میں کئی موڑ ہیں جو ناظرین کو سوچنے پر مجبور کرتے ہیں اور ایسے مناظر ہیں جو دیکھنے والوں کو جھنجھوڑ سکتے ہیں اور ہر لمحے کچھ نیا دکھانے کی کوشش کی گئی ہے، عموماً ایسی کہانیاں بچوں کیلئے نہیں ہوا کرتیں۔
کرداروں کی پیچیدگی اور مرکزی کرداروں کی صداکاری نے کہانی میں مزید جان ڈال دی ہے۔ کرداروں کی مختلف مقامات پر اندرونی کشمکس، فیصلے اور زندگی کے مختلف مراحل حقیقت پسندی کے ساتھ پیش کرنا ایک ایسا طریقہ ہے جو صرف بالغ نظر سامعین و ناظرین کیلئے ہی اہمیت کا حامل ہے۔
اگر یہ کہا جائے کہ لک بیک کی کہانی بچوں کیلئے مناسب نہیں تو بے جا نہ ہوگا کیونکہ اس میں گہرے جذبات، سنسنی خیز لمحات اور پیچیدہ پلاٹ بچوں کیلئے سمجھنا اور اس سے لطف اندوز ہونا مشکل جبکہ رومانوی مواد بچوں کے معصوم ذہنوں کیلئے انتہائی نامناسب ثابت ہوسکتا ہے۔یہ فلم نومبر کے آغاز میں ایمازون پرائم ویڈیو پر نشر کی جائے گی۔