عدالت سنگین آئین شکنی کیس میں آج سابق صدر و آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی اہم درخواست کی سماعت کرے گی۔
لاہور ہائی کورٹ میں سابق صدر جنرل (ر) مشرف کی 3 متفرق درخواستوں کی سماعت ہوگی جن میں انہوں نے متعدد معاملات اور آئین شکنی کیس کے فیصلے کی تردید کی ہے۔
ہائی کورٹ میں جسٹس سیّد مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد امیر بھٹی اور جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر پر مشتمل ججز کا فل بینچ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے کیس کی سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق صدرِ پاکستان و سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف پر خصوصی عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا، پرویز مشرف نے انصاف کی فراہمی کی استدعا کی۔
سنگین آئین شکنی کیس پر خصوصی عدالت کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے سابق صدر نے جسٹس وقار سیٹھ کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ کی طرف سے تحریر کردہ فیصلے کے پیرا 66 پر اعتراض اٹھایا۔
درخواست گزار جنرل (ر) پرویز مشرف نے لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی کہ فیصلے کے پیرا 66 کے مندرجات قانون کے مطابق درست نہیں، انہیں حذف کیا جائے۔
مزید پڑھیں: سابق صدر پرویز مشرف پر خصوصی عدالت کا فیصلہ چیلنج