لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ سے دئیے جانے والے تحائف کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے حکومت کو 16 جنوری تک رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔
ایم ایم نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں شخصیات کے تحائف وصول کرنے کی تفصیلات فراہمی کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت نے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات طلب کیں۔
فٹبال ورلڈ کپ پر لیاری میں جشن، صدر اور وزیر اعظم کی مبارکباد
ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو حکم دیا کہ 16 جنوری تک توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات فراہم کرے۔ وفاقی حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ تحائف خفیہ معلومات ہیں، تفصیل فراہم نہیں کی جاسکتی۔
جسٹس عاصم حفیظ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جب کسی شخصیت نے توشہ خانے کا تحفہ خرید لیا تو ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر کرنا پڑتا ہے۔ اگر ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر ہوگیا تو تحفہ خفیہ کیسے رہ سکتا ہے؟
عدالت نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ تفصیلات عدالت میں پیش کریں۔ طے کریں کہ خفیہ ہے یا نہیں۔ 1947 سے اب تک توشہ خانہ سے کس نے کتنے تحائف لیے، تفصیلات عام ہونی چاہئیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جب تحائف دے دئیے جائیں تو تفصیلات سامنے آنی چاہئیں۔ خیال رہے کہ سابق خاتونِ اوّل کی نئی آڈیو لیک منظرِ عام پر آجانے کے بعد سے توشہ خانہ تحائف پر تبصرے جاری ہیں۔