معروف آل راؤنڈر شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے ساتھ اپنا تعلق ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شعیب ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پیغام میں کہا، “میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ کراچی کنگز کے ساتھ میرا وقت ختم ہو گیا ہے۔ اس شاندار فرنچائز اور ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا ایک زبردست تجربہ رہا۔”
انہوں نے مزید کہا، “کراچی کنگز کے ساتھ اپنے دونوں دورانیے کے دوران انتظامیہ نے انتہائی تعاون اور حمایت کا مظاہرہ کیا۔”
شعیب ملک نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “آپ سب کے لیے نیک تمنائیں۔ پہلی بار پی ایس ایل ڈرافٹ کا حصہ بننے اور ایک دلچسپ سیزن کے لیے پرجوش ہوں۔”
پی ایس ایل 10 کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن، کون کون سے اسٹارز شامل؟
دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیزن کے لیے رجسٹریشن پاکستانی شائقین کے لیے دلچسپی کا باعث بن چکی ہے۔
ڈیوڈ وارنر، جو پہلی بار پی ایس ایل کے لیے رجسٹر ہوئے ہیں، اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر آسٹریلیا کی نمائندگی کی بلکہ دنیا بھر میں مختلف فرنچائزز اور ٹیموں کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔