کراچی: معروف میزبان وقار زکاء نے اپنی ایک جاری کردہ ویڈیو میں الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی لانی ہے اور کراچی کے حالات بدلنے ہیں تو اس کے لئے تمہیں اور مجھے الیکشن لڑنا پڑے گا اور آئین کو سمجھنا پڑے گا۔
وقار زکاء کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مجھے وہ لوگ چاہیے جو سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے شہر کو چلا سکتے ہیں، پورے سندھ سے مجھے نئے لوگ چاہیے لیکن شرط یہ ہے کہ جو لوگ میرے ساتھ لڑنا چاہتے ہیں ان کا تعلق کسی پارٹی سے نہیں ہونا چاہیے۔
وقار زکاء نے کہا کہ آج میں اعلان کرتا ہوں کہ ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان بلدیاتی الیکشن لڑے گی، الیکشن میں بھی کھڑی ہوگی اور اللہ کے حکم سے الیکشن جیت کر بھی دکھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے شہر کے لئے لڑ جاؤں گا، اس شہر کے ہر مسئلہ کو آئینی اور قانونی طریقے سے حل کرنے کے لئے ہرمحکمے میں جا کر لڑوں گا لیکن عوام کو پریشان ہونے نہیں دوں گا۔
واضح رہے کہ وقار زکاء کے اس اعلان کے بعد ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ان کے اس اعلان کو سراہنے کے علاوہ نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔