کراچی : ڈپٹی کمشنر ضلع غربی فیاض سولنگی پر ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بعد اب لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے لینڈ مافیا کی سرپرستی کا الزام عائد کر دیا ،پی ڈی اورنگی، ایم ڈی اے کے بعد ایل ڈی اےنے بھی ڈی سی ویسٹ کے خلاف کمشنر کو خط لکھ دیا۔
ایل ڈی اے ور ایم ڈی اے سے قبل بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اورنگی پروجیکٹ نے گزشتہ سال ڈی سی ضلع غربی فیاض عالم سولنگی کے خلاف کے ایم سی کی اراضی پر بلا جواز مداخلت کی شکایت درج کرائی تھی۔
لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے کمشنر کراچی کوتفصیلی خط لکھ دیا ہے جس میں لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی میں عدم تعاون کا معاملہ اٹھایا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ دنوں گلشن معمار ہاؤسنگ اسکیم سے متصل 80ایکڑاراضی جعلی دستاویزات کے ذریعے ہڑپ کرنے کے منصوبے کا انکشاف ہوا تھا ۔
سروے سپرنٹنڈنٹ اوربورڈ آف ریونیو کی جاری رپورٹ میں بھی مذکورہ 80 ایکڑاراضی ایم ڈی اے کی ملکیت قرار دی جاچکی ہے اور ڈپٹی کمشنر غربی فیاض عالم سولنگی کی دستاویزات کو بوگس اور جعلی قرار دیا جاچکا ہے۔
دریں اثناءایم ڈی اے کی اراضی کا تنازعہ ابھی جاری ہے کہ اس دوران مزید انکشاف ہوا ہے کہ صرف اورنگی پروجیکٹ یا ایم ڈی اے ہی نہیں بلکہ لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی ڈپٹی کمشنر غربی فیاض عالم سولنگی کی سرپرستی کے باعث لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی سے قاصرہے۔
دستاویزات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اس سلسلے میں ایک خط کمشنر کراچی کو گذشتہ دنوں ارسال کیا جس میں انکشاف کیا گیا تھاکہ ایل ڈی اے کی ہاکس بے اسکیم42 کے بلاک الیون بی، 12 بی،بلاک14،بلاک15 اور بلاک16 میں لینڈ مافیا بڑے پیمانے پر قبضے میں مصروف ہے ۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر غربی کوقبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے ڈی جی ایل ڈی اے کی جانب سے پہلا خط21اکتوبر2019ءکو بھیجا گیا اور کارروائی کی استدعا کی گئی، اس کے بعد دوسرا خط 24 اکتوبر 2019ءکو ارسال کیا گیا لیکن کوئی کارروائی نہ ہونے پر تیسرا خط9 جنوری2020 ءکو ارسال کیا گیا۔
چوتھا خط20 جنوری2020ءکو ارسال کیا گیا جبکہ پانچواں خط18فروری کو ڈی سی ویسٹ کو بھیجا گیا لیکن ان تمام خطوط بھیجنے کے باوجود ڈپٹی کمشنر غربی نے لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی کے بجائے پراسرارخاموشی اختیار کئے رکھی۔
ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد فاروق لغاری نے کمشنر کراچی کو ہاکس بے اسکیم42 کے مختلف بلاک میں قبضہ کی جانے والی اراضی کی تفصیلات کے ساتھ واضح کیا ہے کہ کارروائی کا حکم عدالت عالیہ کی جانب سے دیا گیا ہے لیکن ڈپٹی کمشنر غربی کوئی تعاون کرنے کو تیار نہیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے اس سلسلے میں کمشنر کراچی سے لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی کی درخواست کی تھی،ایل ڈی اے کا کمشنر کراچی کو بھیجا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک نے کورونا کے پھیلاؤ کا ٹھیکہ لے لیا