کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ شہرِ قائد میں نافذ قوانین آئینِ پاکستان سے مطابقت نہیں رکھتے جبکہ مقامی نمائندوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔
شہرِ قائد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کراچی کی ترقی تحریکِ انصاف کی حکومت کیلئے اوّلین ترجیح رکھتی ہے تاہم شہر میں مقامی نمائندوں کو اختیارات حاصل نہیں۔
تقریب سے خطاب کے دوران اسد عمر نے کہا کہ اگر شہرِ قائد میں ترقی چاہئے، تو اس کے لیے اختیارات کے قوانین میں ترمیم ضروری ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی میں بہتر نظام کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے۔
خطاب کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ میری اور وزیر اعظم عمران خان کی مشترکہ مدعیت میں سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ آرٹیکل 140 اے کے تحت کراچی کو بااختیار بنایا جائے۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ تحریکِ انصاف نئے پاکستان کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی تاہم نیا پاکستان نئے کراچی کے بغیر ادھورا ہے۔ کراچی کے شہریوں کے مسائل کا حل ضروری ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں شہرِ قائد اپنے پیروں پر کھڑا ہوسکے۔ کراچی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جبکہ یہاں مالی و انتظامی طور پر کمزور حکومت عوام کے مفادات کے حصول میں ناکام ہے۔