صوبہ پنجاب کے ضلع گجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد میں قانون دان نے ٹریکٹر ٹرالی گاڑی سے ٹکرانے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے مزدوروں پر ڈنڈے برسادئیے۔
تفصیلات کے مطابق طاقت کے نشے میں چور قانون کو اپنے گھر کی باندھی سمجھنے والے سینئر قانون دان مبشر حسین چیمہ نے اپنے ہی چیمبر میں عدالت بھی لگائی اور سزا بھی سنائی۔
طاقت کے نشے میں چور قانون دان نے غریب دیہاڑی دار مزدوروں پر ڈنڈے سے باری باری تشدد کیا۔ مزدور دُہائی دیتے رہے لیکن قانون دان نے ان کی ایک نہ سنی اور غریبوں پر ڈنڈے برساتا رہا۔
غریب مزدوروں کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے غلطی سے ٹریکٹر ٹرالی قانون دان کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کی پاداش میں تینوں مزدوروں کو تھانے لے کر جانے کی بجائے اپنے چیمبر میں لا کر ان کی تذلیل کی گئی۔
اہلِ علاقہ کے مطابق وزیر آباد میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔ عوام نے سوال کیا کہ سینئر قانون دان کے خلاف کون کارروائی کرے گا؟ ہم اپیل کرتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اِس ظلم کو روکیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں وڈیرہ شاہی کی یاد تازہ ہو گئی، سیاستدان نے پولیس کی موجودگی میں 3 نوجوانوں پر مبینہ طور پر جوتوں سے تشدد کیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق یوسی ناظم جامکے چیمہ نے وڈیرہ شاہی کی یاد تازہ کرتے ہوئے تھانہ موترہ میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کی موجودگی میں 3 نوجوانوں پر جوتوں سے تشدد کیا جس کے دوران پولیس کا قابلِ فخر سپاہی سارا تماشا دیکھتا رہا۔
مزید پڑھیں: سیالکوٹ میں پولیس کی موجودگی میں 3 نوجوانوں پر تشدد